Rabi.ul.awal gives us the message of unity, love , forgiveness, determination and devotion

11/9/26

ادارہ معین الاسلام بیربل شریف | تاریخ، تعلیمی خدمات اور 2026ء کی شاندار کامیابیاں | Idara Moeen ul Islam Birbal Shareef 2026

تعارف ادارہ

برصغیر پاک و ہند میں قرآن مجید اور علوم دینیہ کی اشاعت و ترویج میں خانقاہی نظام نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اولیائے کرام نے اشاعت اسلام اور روحانی رہنمائی کے ساتھ ساتھ فروغ علم کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ انھیں نفوس قدسیہ کی بدولت اسلام کی روشنی برصغیر کے کونے کونے میں پھیلی۔ ”خانقاہ مرتضویہ“ بیربل شریف کا شمار بھی انہی قدیم عظیم خانقاہوں میں ہوتا ہے۔ اس خانقاہ کی بنیاد جنیدِ وقت حضرت اعلیٰ خواجہ حافظ غلام مرتضیٰ رحمتہ اللہ علیہ نے ۱۲۷۰ھ / ۱۸۵۳ء میں بیربل شریف میں رکھی۔ بیربل شریف ضلع سرگودھا کی تحصیل شاہ پور کے مضافات میں دریائے جہلم کے کنارے آباد ایک دور افتادہ بستی ہے۔

حضرت غلام مرتضیٰؒ کی ولادت ۱۲۵۱ھ / ۱۸۳۵ء میں بیربل شریف کے ایک مردِ صالح حضرت حافظ محمد اسلم رحمتہ اللہ علیہ کے کاشانہ میں ہوئی۔ آپ نے حفظِ قرآن مجید کے ساتھ ساتھ ابتدائی تعلیم اپنے والد ماجد سے حاصل کی۔ ان کے وصال کے بعد آپ نے ضلع جہلم کے قصبہ (لِلہ شریف) میں حضرت خواجہ غلام نبی للّہی رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت میں رہ کر متداولہ علوم پر عبور حاصل کیا۔ زمانہ طالب علمی میں ہی آپ نے قطب الاقطاب حضرت خواجہ غلام محی الدین قصوری دائم حضوریؒ کے دستِ حق پرست پر بیعت کی۔ صرف اٹھارہ سال کی عمر میں ظاہری اور باطنی علوم میں کمال حاصل کیا۔ ۱۲۷۰ھ / ۱۸۵۳ء میں بیربل شریف آئے اور ایک عظیم درسگاہ کی بنیاد رکھی۔ برصغیر کے کونے کونے سے تشنگانِ علم و عرفان اس چشمے سے پیاس بجھانے لگے۔

 پنجاب میں سکھوں کا دور ایک پرآشوب دور تھا۔ جس میں کلمہ حق بلند کرنا اور دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا کام انتہائی مشکل تھا ۔ حضرت اعلیٰ غلام مرتضیٰؒ نے اس دور میں ایک دور افتادہ چھوٹے سے گاؤں میں ایک عظیم تعلیمی مشن شروع کیا اور مسلسل نصف صدی تک استقامت سے اس کی آبیاری فرماتے رہے۔ آپ کے وصال ۱۳۲۱ھ / ۱۹۰۳ء کے بعد آپ کے اخلاف میں اگرچہ روحانی فیوضات کا سلسلہ جاری رہا لیکن درس و تدریس کی وہ رونقیں بوجوہ بحال نہ رہ سکیں۔

ادارہ معین الاسلام کی بنیاد اور خدمات

اللہ تعالیٰ کو خانوادہ مرتضوی کے اس عظیم تعلیمی سلسلہ کا احیاء مقصود تھا، چنانچہ حضرت اعلیٰ غلام مرتضیٰؒ کی چوتھی پشت میں آفتابِ ولایت حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ نے اس علمی سلسلہ کے احیاء کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی فرمائی۔ مہمان خانہ میں مزید چار کمروں کی تعمیر کی اور اپنے اکلوتے نور نظر پروفیسر صاحبزادہ محبوب حسین کو دینی تعلیم کے حصول کے لیے وقف کر دیا۔

صاحبزادہ صاحب نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز ۱۹۶۵ء میں جامعہ محمدی شریف ضلع جھنگ سے کیا۔ پھر جامعہ اسلامیہ بہاولپور سے بی اے کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی اور ایم اے اسلامیات کے امتحانات پاس کیے۔ اس دوران آپ نے چاروں علوم شرقیہ (عربی، فارسی، اردو، پنجابی) میں بھی فاضل کیا۔ جامعہ حزب الاحناف لاہور میں امام اہل سنت حضرت سید احمد ابو البرکاتؒ کی خدمت میں دورہ حدیث شریف مکمل کیا۔ حضرت مولانا شاہ احمد نورانیؒ نے اپنے دستِ مبارک سے دستارِ فضیلت بندھائی۔ دورانِ تعلیم قرآن پاک حفظ کیا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ۱۹۷۶ء میں بطور لیکچرار سروس جوائن کی ۔ ۱۹۸۱ء میں دورانِ ملازمت حکومت کی طرف سے سکالرشپ پر جامعۃ الرياض سعودی عرب میں جدید عربی زبان کی تعلیم کے حصول کے لیے مقیم تھے کہ والد گرامی حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا انتقال ہو گیا۔ صاحبزادہ صاحب وطن واپس تشریف لائے اور والد گرامی کی خواہش کے مطابق ۲۵ شعبان المعظم ۱۴۰۱ھ / ۱۹۸۱ء میں ادارہ معین الاسلام کی بنیاد رکھی۔ یوں ایک صدی بعد بزرگوں کی توجہات اور دعاؤں سے بیربل شریف میں درس و تدریس کی وہ رونقیں پھر بحال ہو گئیں جو حضرت اعلیٰؒ کے وصال کے بعد ماند پڑ گئی تھیں۔

ادارہ کے قیام کے بعد ابتدائی دور میں آپ کو بے پناہ مسائل کا سامنا رہا، لیکن کٹھن حالات کے باوجود آپ نے اپنا سفر جاری رکھا، اور 45 سال کی قلیل مدت میں محنت اور کامیابیوں کی شاندار تاریخ رقم کر دی۔ چار کمروں، ایک استاد اور پانچ طلباء سے سفر کا آغاز کرنے والا یہ ادارہ الحمد للہ آج ۹ کیمپسوں مرتضوی بلاک (مرکزی کیمپس)، اجمیری بلاک (عظیم الشان مسجد گنج شکرؒ اسی بلاک میں ہے)، دربار شریف ایجوکیشنل کیمپس (مرکز تجوید وقرأت)، معین آباد کیمپس، مرتضیٰ آباد کیمپس، نظام الدین اولیاء کیمپس (نظام نگر)، داتا گنج بخش بلاک (رحمٰن آباد)، غوث اعظم اسلامک سنٹر (فرید نگر)، معین الاسلام کالج شریعہ (محبوب آباد)، جامعہ غوثیہ (کڈھبھی جھاوریاں)، کیمپسز کے دو سو سے زائد کمروں پر مشتمل ایک عظیم ادارہ کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ زیرِ تعلیم طلباء کی تعداد چودہ سو (1400) سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ درسِ نظامی کے طلباء کی تعداد 700 ہے۔ ایک سو پچاس (150) سے زیادہ محنتی، ذہین اور انتھک اساتذہ کرام دن رات فروغِ تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔ ادارہ معین الاسلام کا آغاز شعبہ حفظ سے ہوا۔ پھر حفاظ کے لیے شعبہ تجوید و قرأت کا اجراء ہوا۔ تجوید کے اس دو سالہ کورس میں طلباء کی تعداد دو سو (200) سے تجاوز کر چکی ہے۔ ادارہ معین الاسلام کو پاکستان کے ان اداروں میں ایک منفرد مقام حاصل ہے۔ جہاں پر قراءتِ سبعہ عشرہ کی تدریس کا بہترین انتظام موجود ہے۔

 معین الاسلام کالج آف شریعہ

 شعبہ حفظ و تجوید کے اکثر مدارس میں جدید عصری علوم کی تعلیم نہیں دی جاتی۔ لہٰذا اکثر طلباء دورانِ حفظ زائد العمر ہو جانے کی وجہ سے اپنے ہم عمر طلباء سے عصری علوم میں کئی تعلیمی سال پیچھے رہ جاتے ہیں اور احساسِ کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ نیز زائد العمر ہو جانے کی وجہ سے انہیں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ اور ملازمتوں کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بلکہ اکثر حفاظ کے پاس سرے سے دنیاوی تعلیم ہوتی ہی نہیں۔ یوں وہ حافظِ قرآن ہونے کے باوجود ان پڑھ افراد میں شمار ہوتے ہیں۔

 ناظمِ ادارہ نے ایسے حفاظ کو عصری علوم سے روشناس کروانے اور دورانِ حفظ طلباء کے قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچانے کے لیے معین الاسلام کالج آف شریعہ کی بنیاد رکھی۔ الحمد للہ یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔ ادارہ معین الاسلام دینی اور جدید عصری علوم کے امتزاج کی عمدہ مثال ہے، جہاں طلباء کو حفظِ قرآن، تجوید و قرأت، درسِ نظامی، ادیب عربی، عالم عربی، فاضل عربی، ثانویہ عامہ، ثانویہ خاصہ، الشہادۃ العالیہ اور الشہادۃ العالمیہ (تنظیم المدارس) کے ساتھ مڈل سے لے کر ایم اے تک تعلیم کا ایک جامع اور جدید نظام موجود ہے۔ بہترین علمی ماحول کی وجہ سے ہر سال تمام امتحانات میں بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اکثر امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء کا تناسب سو فیصد ہے۔ بورڈ اور یونیورسٹی کے امتحانات میں طلباء پوزیشنیں حاصل کر رہے ہیں۔ سو سے زائد طلباء وزیراعلیٰ پنجاب کی سکیم کے تحت لیپ ٹاپ اور سولر لیمپ کے انعامات پا چکے ہیں۔ کئی طلباء ملک کی ممتاز جامعات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کر چکے اور کر رہے ہیں۔ ادارہ کی یہ کامیابیاں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، سرکارِ دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل، اولیائے کرام کے فیضان کے علاوہ ناظم ادارہ کی پرخلوص کاوشوں اور محنتی اساتذہ کی مرہونِ منت ہیں۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ!

 سال 2026ء ہمارے ادارے کے لیے علمی و تعلیمی اعتبار سے غیر معمولی کامیابیوں، قابلِ فخر نتائج اور تابندہ روایات کا سال رہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے طلباء نے دینی اور عصری تعلیم کے میدان میں اپنی محنت، قابلیت اور عزم و استقلال کا شاندار ثبوت پیش کیا۔

 دینی علوم کے شعبے میں متوسطہ (مڈل) سے لے کر الشہادۃ العالمیہ (ایم اے عربی و اسلامیات)، کے تمام امتحانات تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان سے، طلباء نے نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کیا۔ اسی طرح عصری تعلیم کے میدان میں مڈل سے لے کر پی ایچ ڈی (Ph.D) تک کے مختلف تعلیمی مراحل میں طلباء نے بہترین نتائج کے ذریعے اپنی علمی استعداد اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

 یہ کامیابیاں محض امتحانی نتائج کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسے علمی و تربیتی سفر کی عکاس ہیں جس کی بنیاد اخلاص، محنت، نظم و ضبط، مسلسل جدوجہد اور حصولِ علم کے پختہ جذبے پر استوار ہے۔ دینی و دنیاوی علوم کے حسین امتزاج کے ذریعے طلباء کی ایسی نسل تیار کرنا ہمارا مقصد ہے جو علم و عمل، کردار و اخلاق اور شعور و آگہی کے اعتبار سے معاشرے کے لیے باعثِ افتخار ہو۔

بلا شبہ ان کامیابیوں کے پسِ منظر میں طلباء کی شبانہ روز محنت، اساتذہ کرام کی بے لوث خدمات، والدین کی دعائیں، سرپرستوں کا اعتماد اور ادارے کی مسلسل تعلیمی و انتظامی کاوشیں شامل ہیں۔ ہم ان تمام احباب کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں جن کی محنت اور تعاون نے ان کامیابیوں کو ممکن بنایا۔

 ہم اپنے تمام کامیاب طلباء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ علم و تحقیق، دینی شعور، اخلاقی تربیت اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید بہتر اور مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔

ہماری منزل صرف امتحانات میں کامیابی نہیں، بلکہ ایسے صاحبِ علم، صاحبِ کردار اور صاحبِ بصیرت افراد کی تیاری ہے جو دین، ملت اور انسانیت کے لیے مفید ثابت ہوں۔ اللہ رب العزت اس علمی سفر کو قبول فرمائے، کامیابیوں کے اس سلسلے کو دوام عطا فرمائے اور ہمارے طلباء کو علمِ نافع، عملِ صالح اور خدمتِ خلق کی توفیق سے نوازے۔ آمین یَا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ!.





ادارہ معین الاسلام، ادارہ معین الاسلام بیربل شریف، خانقاہ مرتضویہ، بیربل شریف، خواجہ غلام مرتضیٰ، خواجہ معین الدین چشتی، پروفیسر محبوب حسین، دینی مدارس، دینی و عصری تعلیم، کالج آف شریعہ، درس نظامی، حفظ قرآن، تجوید و قرأت، قراءت سبعہ عشرہ، اسلامی تعلیمات، تعلیمی کامیابیاں 2026، Idara Moeen Ul Islam, Bairbal Sharif, Islamic Education, Islamic Institute, Khanqah Murtazvia


Share:

0 comments:

Post a Comment

Please Give Us Good Feed Back So that we can do more better for man kind. Your Comments are precious for US. Thank You

تین روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ

تین روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ
تحریری و تحقیقی کام میں مصنوعی ذہانت کا موثر استعمال

Followers

SUBSCRIBE BY EMAILL

Online People

Blog Archive

Blog Archive